ملک بھر میں جمعۃ الوداع کی عبادات اور یوم القدس کی ریلیوں کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ۔یوم القدس کے حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں سکیورٹی کے پیش نظر مختلف شاہراہوں کو بند کردیا گیا اور متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیے گئے ۔ہر سال مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کا آخری جمعہ یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے، اس موقع پر دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے منعقد کیے جاتے ہیں۔یوم القدس کی مناسبت سے مختلف شہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے فلسطین کے حق میں ریلیاں نکا لی گئیں۔یوم القدس کی حساسیت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں بھی چھٹی دی گئی ۔ اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے کئی اہم راستے بھی بند کر دئیے۔نماز جامعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے اسلام آباد پولیس کے 3500 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی پر تعینات رہے ۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کے مطابق فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت اور خصوصی ناکہ جات قائم کیے گئے ۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں پولیس کی موثر پٹرولنگ جاری ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کیلئے بڑے انتظامات کیے گئے ۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا ر ہا، جبکہ دیگر تمام داخلی راستے بند رہے۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے استعمال کریں۔اہم شاہراہوں اور راستوں کی بندشیں بھی جاری رہیں۔ ایران ایونیو کے تمام داخلی و خارجی راستے بند رہے ۔چاند تارہ فلائی اوور سے سری نگر ہائی وے کے راستے سرینا چوک بند رہے جبکہ آبپارہ سہروردی روڈ مکمل طور پر بند رہی ۔مزید بندشوں میں رجب طیب اردوان فلائی اوور سے جناح ایونیو، کلثوم پلازہ چوک، سیونتھ ایونیو پل، فضل حق روڈ اور جیو چوک تک روڈ بند رہی ۔حاجی کیمپ چوک سے اسلام آباد چوک تک روڈ مکمل بند رہی ۔ آئی جے پی روڈ(گندم گودام سے فقیر ایپی روڈ) اور نیسکام سے آئی ٹین کی طرف جانے والی سروس روڈ بھی بند رہی ۔ آئی ایٹ سے آئی جے پی ڈبل روڈ دونوں اطراف سے مکمل بند رہے۔راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک کلب روڈ سنگل سائیڈ بند رہی جبکہ پارک روڈ پر شہزاد ٹاون سے مشرف چوک تک سنگل سائیڈ بند رہی ۔
ادھر کراچی میں بھی یوم القدس کی ریلیوں کے باعث کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ۔سندھ حکومت نے یوم القدس اور متوقع جمع الوداع کے موقع پر آ صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا ۔ صوبے میں تمام سرکاری دفاتر اور تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق دوپہر 12 بجے سے شہر کی مختلف سڑکیں بند کردی گئیں۔ بوٹ بیسن سے جناح برج اور مائی کلاچی آنے جانے والی دونوں سڑکیں بندرہیں ، پی آئی ڈی سی سے جناح برج اورایم ٹی خان روڈجانے والیدونوں ٹریک بندرہیں ، بوٹ بیسن سے مائی کلاچی آنے والی ٹریفک کو یوٹرن دے کر واپس بھیجا گیا ۔ ادھر آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ جمعۃ الوداع کی عبادات، یوم القدس کی ریلیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر دہشت گرد و شر پسند عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں گے جبکہ مساجد، عبادت گاہوں، پولیس چوکیوں، غیر ملکی سفارت خانوں، حساس مقامات اور تنصیبات کی سکیورٹی بھی بڑھا دی جائے گی۔ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 32 ہزار 500 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات ہیں ، یوم القدس کے موقع پر نکالی جانیوالی 136 ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار نے فرائض انجام د ئیے جبکہ صوبہ بھر میں اے کیٹگری کی 15، بی کیٹگری کی 22، سی کیٹگری کی 99 ریلیاں نکالی گئیں ۔
انہوں نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر حکم دیا ہے کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ ٹیمیں مذہبی و حساس مقامات، مارکیٹوں کے گرد پٹرولنگ بڑھا دیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں سمیت حساس مقامات کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔آئی پنجاب کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے تدارک کے لئے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کو جاری رکھیں، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکار انتہائی چوکس رہیں، علما کرام و مشائخ عظام ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی اورامن کا پرچار کریں۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا آر پی اوز، ڈی پی اوز مساجد و امن کمیٹیوں کی ارکان اور منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں، شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کا پر امن انعقاد یقینی بنارہے ہیں۔ادھر پشاور ،کوئٹہ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیرمیں بھی یوم القدس منا یا گیا اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ،پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی