i پاکستان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہتازترین

May 09, 2026

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں چار فیصد اضافے کا اعلان کر دیاگیا جبکہ پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں دس فیصد اور پبلک ٹرانسپورٹرز نے از خود پانچ فیصد اضافہ کردیا۔پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابلِ مذمت ہے اور اس سے براہ راست ٹرانسپورٹ سیکٹر متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس سے سپلائی چین بھی متاثر ہو رہی ہے۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرک اور ٹریلر مالکان کو دی جانے والی 80 ہزار روپے سبسڈی ناکافی ہے اور یہ بڑھتے ہوئے اخراجات کا ازالہ نہیں کرتی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے صورتحال بہتر نہ کی تو ٹرانسپورٹرز ملک گیر ہڑتال پر مجبور ہو جائیں گے، جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں دس فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔ پبلک ٹرانسپورٹرز نے از خود کرایوں میں پانچ فیصد اضافہ کردیا، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ اور منی مزدا کے کرایوں میں دس فیصد تک اضافہ کر دیا گیا،کرایوں میں اضافے کا اطلاق فوری کر دیا گیا۔صدرپاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن حاجی شیر علی کا کہنا ہے کہ پچھلی دفعہ بھی ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پرکرائے نہیں بڑھائے، پھر سے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے کرایوں میں اضافے پر مجبور ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے تاحال کرائے بڑھانے کا اعلان نہیں کیا،سیکرٹری آر ٹی اے لاہورنے کرایوں میں اضافے کے لیے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی