i کھیل

روسی ٹینس سٹار آندرے روبلوف نے پہلی مرتبہ میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیاتازترین

May 06, 2024

روس کے نامور ٹینس سٹار آندرے روبلوف نے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔26 سالہ روسی ٹینس سٹار نے بیماری کے باوجود مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں کینیڈا کے حریف ٹینس کھلاڑی فیلکس اوجرالیاسائم کو شکست دے کر مینز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس فتح کے بعد آندرے روبلوف کے اے ٹی پی ٹائٹلز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ اے ٹی پی کے زیر اہتمام میڈرڈ اوپن کے دلچسپ مقابلے سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے وینیو پارک منزاناریس میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ کے لئے روس کے نامور ٹینس سٹار آندرے روبلوف جب ٹینس کورٹ میں آئے تو وہ بیمار تھے اس کے باوجود انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کینیڈا کے ٹینس کھلاڑی فیلکس اوجرالیاسائم کو 6-4 ،5-7 اور 5-7 سے نہ صرف شکست دی بلکہ مینز سنگلز ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔ میڈرڈ ماسٹرز مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے کے بعد آندرے روبلوف نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں بیان کر سکوں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ نو دنوں سے میں مسلسل بیماری کے ساتھ کھیل رہا ہوں ،سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جاں گا۔میں اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے کیرئیر کا سب سے قابل فخر ٹائٹل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناکر مستقبل میں مزید فتوحات حاصل کروں گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی