بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے 5 ملزمان کے خلاف نئی چارج شیٹ دائر کردی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی چارج شیٹ میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں جس میں بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کے ملزمان پر قتل کی سازش اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔اس کیس کے حوالے سے درج ہونے والی نئی چارج شیٹ کے مطابق بشنوئی گینگ نے سلمان خان کو قتل کرنے کے لیے 25 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔ اس کی منصوبہ بندی اگست 2023 سے اپریل 2024 کے درمیان کی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان بہت ہی منظم طریقے سے سلمان خان کی نگرانی اور ریکی کر رہے تھے، تقریبا 60 سے 70 افراد کا نیٹ ورک سلمان خان کی پل پل نگرانی کر رہا تھا۔نئی چارج شیٹ کے مطابق 18 سال سے کم عمر لڑکوں کو سلمان خان کو قتل کرنے کا کام دیا گیا تھا جو مبینہ طور پر گولڈی برار اور انمول بشنوئی کے حکم کا انتظار کر رہے تھے جن کے بارے میں امکان ہے کہ یہ اس گینگ کے مرکزی لوگ ہیں جو شمالی امریکا سے کام کر رہے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی